وزیر اعظم نریندر مودی نے 76ویں یومِ آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے اپنے خطاب میں مجاہدین آزادی کو یاد کرتے ہوئے کچھ ایسے نام بھی شمار کرائے جس کی امید شاید رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی کو نہیں تھی۔ ایک دن قبل اے آئی ایم آئی ایم سربراہ اویسی نے پی ایم مودی سے گزارش کی تھی کہ جب وہ مجاہدین آزادی کو یاد کریں تو مسلم مجاہدین کے بھی نام لیں، اور ان کی یہ خواہش آج پوری ہو گئی۔ وزیر اعظم نے اشفاق اللہ خان اور حضرت محل کا نام لے کر ان کی قربانیوں کا شکر ادا کیا۔

آج اپنے خطاب میں پی ایم مودی نے کہا کہ ’’ہم سبھی ملک کے باشندے باپو، نیتاجی سبھاش چندر بوس، بابا صاحب امبیڈکر اور ویر ساورکر کے شکرگزار ہیں جنھوں نے فرض منصبی ادا کرتے ہوئے اپنی زندگی گزار دی۔ منگل پانڈے، تانتیا ٹوپے، بھگت سنگھ، سکھدیو، راج گرو، چندرشیکھر آزاد، اشفاق اللہ خان، رام پرساد بسمل جیسے انقلابیوں نے انگریزوں کی حکومت کی بنیاد ہلا دی۔ یہ ملک شکرگزار ہے رانی لکشمی بائی، جھلکاری بائی، درگا بھابھی، رانی چینما، بیگم حضرت محل جیسی بہادر خواتین کا۔‘‘

غور طلب ہے کہ اویسی نے 14 اگست کو ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ہم امید کرتے ہیں وزیر اعظم 15 اگست کو لال قلعہ سے جب خطاب کریں گے تو علامہ فیضل خیر آبادی، مولانا محمود الحسن، حسین احمد مدنی، مولانا کافی، اشفاق اللہ کا ذکر کریں گے۔ وہ کریں یا نہ کریں، ہم تو کرتے رہیں گے۔ ہمیں اپنے بزرگوں پر فخر ہے۔‘‘