وزیر اعظم نریندر مودی کی ماں ہیرابین آج (18 جون) اپنے 100ویں سال میں داخل ہو گئیں۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے اپنی ماں کی زندگی کے کچھ اہم واقعات کو یاد کیا۔ انھوں نے ایک بلاگ (جو اردو سمیت 11 زبانوں میں ہے) لکھا ہے جس میں ماں سے جڑی کچھ اہم باتوں کا تذکرہ کیا ہے۔ اس بلاگ میں انھوں نے عباس نامی ایک بچے کا بھی ذکر کیا ہے جسے ہیرابین اپنے بچوں کی طرح محبت کرتی تھیں۔ پی ایم مودی نے بتایا کہ عباس ان کے والد کے دوست کا بیٹا تھا۔ جب عباس کے والد کا انتقال ہو گیا تھا تو نریندر مودی کے والد اسے اپنے گھر لے آئے تھے۔

اپنے بلاگ میں نریندر مودی لکھتے ہیں ’’ماں ہمیشہ دوسروں کو خوش دیکھ کر خوش رہا کرتی ہیں۔ گھر میں جگہ بھلے کم ہو، لیکن ان کا دل بہت بڑا ہے۔ ہمارے گھر سے تھوڑی دور پر ایک گاؤں تھا، جس میں میرے پتا جی کے ایک بہت قریبی دوست رہا کرتے تھے۔ ان کا بیٹا تھا عباس۔ دوست کی ناوقت موت کے بعد پتا جی عباس کو ہمارے گھر لے آئے تھے۔ اس طرح سے عباس نے ہمارے گھر میں ہی رہ کر پڑھائی کی۔ ماں ہم سب بچوں کی طرح عباس کی بہت دیکھ بھال کرتی تھیں۔ عید پر ماں عباس کے لیے اس کی پسند کے پکوان بناتی تھیں۔ تہواروں کے وقت آس پاس کے کچھ بچے ہمارے یہاں ہی آ کر کھانا کھاتے تھے۔ انہیں بھی میری ماں کے ہاتھ کا بنایا کھانا بہت پسند تھا۔‘‘