وزیر اعظم نریندر مودی نے یوم جمہوریہ کے موقع پر سابق جنوبی افریقی کرکٹر جونٹی روڈس کو ایک خط لکھا ہے۔ اس میں انھوں نے روڈس کو یوم جمہوریہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ہندوستان کے تئیں ان کے لگاؤ پر شکریہ ادا کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ جونٹی روڈس کی ہندوستان سے خاص انسیت رہی ہے۔ اس کا اظہار انھوں نے اپنی بیٹی کا نام ’انڈیا‘ رکھ کر کیا ہے۔ ہندوستانی عوام بھی روڈس کو نہ صرف بطور کھلاڑی بلکہ انفرادی طور پر بھی اپنے دل کے  قریب پاتے ہیں۔

وزیراعظم مودی نے خط میں جونٹی روڈس کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے ’’برسوں سے آپ نے ہندوستان اور اس کی ثقافت کے ساتھ ایک خاص رشتہ بنایا ہے۔ یہ رشتہ تب صاف ظاہر ہوا جب آپ نے اپنی بیٹی کا نام اس عظیم ملک کے نام پر رکھا۔ آپ دونوں ملکوں کے مضبوط رشتوں کے خصوصی سفیر ہیں۔‘‘ مودی نے مستقبل میں روڈس سے بات کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی۔

جونٹی روڈس نے ہندوستانی وزیر اعظم کے اس اعزازی خط کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فوراً ٹوئٹ کیا۔ انہوں نے نریندر مودی کے خط کو شیئر کرتے ہوئے لکھا ’’آپ کے شفقت بھرے الفاظ کے لیے شکریہ نریندر مودی جی۔ میں ہندوستان کے ہر دورے پر ایک شخص کے طور پر خود کو کافی خوش قسمت پاتا ہوں۔ میرا پورا کنبہ پورے ہندوستان کے ساتھ یوم جمہوریہ مناتا ہے اور اس آئین کی ضرورت کا احترام کرتا ہے جس سے ہندوستان کے لوگوں کے حقوق کا تحفظ ہوتا ہے۔ جئے ہند۔‘‘