وزیر اعظم نریندر مودی کی والدہ ہیرابین مودی آئندہ 18 جون کو 100 سال کی ہو جائیں گی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے خاص منصوبہ تیار کیا ہے اور وہ بذات خود ماں سے ملاقات کرنے جائیں گے۔ ہیرابین گجرات کے گاندھی نگر میں رہائش پذیر ہیں اور بہت کم اوقات پر ہی پی ایم مودی اپنی ماں سے ملاقات کے لیے جاتے ہیں۔ لیکن ماں کی عمر 100 سال ہونے پر انھیں نیک خواہشات پیش کرنے وہ اپنے گھر جانا چاہتے ہیں اور اس موقع پر پوجا کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وَڈ نگر کے ہاٹکیشور مندر میں بھی ایک پوجا ہوگی جس میں وزیر اعظم شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم پاواگڑھ میں ماں کالی مندر میں پرچم کشائی کریں گے۔ 18 جون کو ہونے والے پی ایم مودی کے اس دورہ کو لے کر خصوصی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

غور طلب ہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم نے اپنی ماں سے گزشتہ 11 مارچ کو احمد آباد میں ملاقات کی تھی۔ دراصل مارچ میں پی ایم مودی کا دو روزہ گجرات دورہ ہوا تھا اور وہ کئی تقاریب کا حصہ بنے تھے۔ اس دورہ کے دوران ہی نریندر مودی کی اپنی ماں سے تقریباً دو سال بعد ملاقات ہوئی تھی۔ بہرحال، آئندہ 18 جون کو پی ایم مودی تقریباً 4 لاکھ لوگوں کو خطاب بھی کرنے والے ہیں جس میں مختلف سرکاری منصوبوں کے استفادہ کنندگان شامل ہوں گے۔ یہ پروگرام سردار اسٹیٹ کے پاس واقع ایک اسپتال احاطہ میں ہوگا۔