پرشانت کشور عرف ’پی کے‘ کی تنظیم ’آئی-پیک‘ سے جڑی بری خبر سامنے آ رہی ہے۔ گوا میں ترنمول کانگریس کو مضبوطی فراہم کرنے کے لیے کام کر رہی اس تنظیم کے ٹھکانوں پر پولس نے چھاپہ ماری کی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی-پیک کے ایک ملازم کو پوروریم شہر سے گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ ملزم کے پاس سے گانجہ برآمد کیے جانے کی اطلاع ہے۔
گوا پولس نے چھاپہ ماری کی یہ کارروائی جمعہ کے روز انجام دی۔ یہاں آئی-پیک نے 8 بنگلے کرایہ پر لے رکھے تھے۔ جس آئی-پیک ملازم کو گرفتار کیا گیا ہے، اس کی عمر 28 سال ہے۔ پولس نے اس کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت معاملہ درج کیا ہے۔
غور طلب ہے کہ گوا میں اسمبلی انتخاب کے لیے 14 فروری کو ووٹنگ ہونی ہے۔ گزشتہ تقریباً ڈھائی سال سے ترنمول کانگریس کے لیے پالیسی تیار کر رہے پرشانت کشور گوا میں پارٹی کا کام سنبھال رہے ہیں۔ حالانکہ کچھ دن قبل ہی پرشانت کشور اور ترنمول کانگریس کے رشتوں میں تلخیوں کی خبریں سامنے آئی تھیں۔ دراصل ممتا حکومت میں وزیر چندریما بھٹاچاریہ نے کچھ دنوں پہلے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے اکاؤنٹ سے ’وَن مین وَن پوسٹ‘ کو لے کر کچھ پوسٹ شیئر کیا گیا۔ اس بارے میں ان سے کوئی اجازت نہیں لی گئی تھی۔ اس سلسلے میں آئی-پیک نے کہا تھا کہ وہ کسی بھی لیڈر کی ڈیجیٹل پراپرٹی کا استعمال نہیں کرتے۔ جو بھی ایسے دعوے کر رہا وہ جھوٹ بول رہا ہے۔