اداکار پربھاس کی فلم ’رادھے شیام‘ کوئی بڑا کارنامہ نہیں دکھا سکی، اس لیے اب پربھاس کے چاہنے والوں کو ان کی فلم ’سالار‘ کا انتظار ہے۔ لیکن بری خبر یہ سامنے آ رہی ہے کہ اس فلم کی شوٹنگ کے دوران پربھاس کو جو چوٹ لگی تھی، وہ ابھی تک ٹھیک نہیں ہوئی ہے۔ میڈیا میں آ رہی خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ ان کی طبیعت کی ناسازی کو دیکھتے ہوئے فلم کی شوٹنگ روکنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق پربھاس کو لگی چوٹ ٹھیک ہونے میں ابھی مزید دو ماہ لگ سکتے ہیں۔ اس لیے مجبوراً فلم کی شوٹنگ روکنی پڑی۔ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پربھاس اپنی آئندہ فلموں کی شوٹنگ پھر سے شروع کرنے سے پہلے علاج کے لیے اسپین روانہ ہو گئے تھے۔ دراصل ان کی سرجری ہوئی تھی جس سے وہ ابھی تک پوری طرح صحت یاب نہیں ہو پائے ہیں۔
غور طلب ہے کہ اپنی فٹ نس کے لیے مشہور پربھاس کو فلم ’باہوبلی‘ سے خوب مقبولیت حاصل ہوئی۔ اس کے بعد فلم ’رادھے شیام‘ سے انھیں کافی امیدیں تھیں لیکن مایوسی ہاتھ لگی۔ ویسے اس وقت ان کی کئی فلمیں لائن میں ہیں جن کی یا تو شوٹنگ شروع ہو چکی ہے یا پھر جلد شروع ہونے والی ہے۔ ان میں ’آدی پُرش‘، ’پروجیکٹ کے‘ اور ’اسپرٹ‘ جیسی بڑی فلمیں بھی شامل ہیں۔ لیکن پربھاس کے شیدائیوں کو اس وقت فلم ’سالار‘ کا بے صبری سے انتظار ہے۔ یہ ایک ایکشن فلم ہے جس میں اداکارہ شروتی ہاسن بھی نظر آئیں گی۔