دنیا کے جنوبی قطب پر پہنچنا آسان نہیں۔ کئی لوگ اس منزل کی طرف گروپ بنا کر گئے اور واپسی ہوتے ہوتے کچھ کی موت واقع ہو گئی۔ سردی اور ٹھنڈ کی شدت والی اس جگہ پر ہند نژاد پریت چنڈی نے تنہا پہنچنے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔ وہ پہلی غیر سفید فام خاتون ہیں جنھوں نے تنہا دنیا کے جنوبی قطب کا کامیاب سفر کیا۔
ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پریت چنڈی نے نومبر 2021 میں اپنے سفر کی شروعات کی تھی۔ 3 جنوری کو پریت نے اعلان کیا کہ 1126 کلومیٹر طویل ٹریک کو انھوں نے 40 دن میں مکمل کر لیا۔ برطانیہ کی سکھ فوجی افسر پریت کو تین سال قبل جنوبی قطب کے بارے میں کچھ بھی پتہ نہیں تھا، لیکن اب وہاں کا تجربہ لوگوں کے سامنے شیئر کر رہی ہیں۔
پریت نے اپنے سفر کے تعلق سے کچھ انسٹاگرام پوسٹس کیے ہیں۔ انھوں نے لکھا ہے ’’جنوبی قطب پر پہنچ کر کئی طرح کے جذبات محسوس کر رہی ہوں۔ یہاں پہنچنا کافی مشکل بھرا سفر تھا۔‘‘ پریت مزید لکھتی ہیں ’’میں لوگوں کو اپنی حد کو آگے بڑھانے اور خود پر یقین کرنے کے لیے حوصلہ دینا چاہتی ہوں۔ مجھے کئی بار کہا گیا کہ ’بس معمول کے کام کرو‘، لیکن ہم ہی خود کو عام بناتے ہیں۔ آپ جو چاہتے ہیں اس کے لیے اہل ہیں۔ کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کہاں سے ہیں، آپ کی شروعات کہاں سے ہے۔ ہر کوئی کہیں نہ کہیں سے شروع کرتا ہے۔‘‘