بالی ووڈ کے مشہور ہدایت کار روہت شیٹی فلم شائقین کو ایک زبردست تحفہ دینے والے ہیں۔ یہ تحفہ ہے ’دبنگ‘ سلمان خان اور ’سنگھم‘ اجے دیوگن کو ایک ساتھ پردۂ سیمیں پر دکھانے کا۔ فلم کے سلسلے میں ’بگ باس-15‘ میں کمٹمنٹ ہو گئی ہے۔ لوگ ابھی سے اس الگ انداز کے کانسیپٹ کو لے کر پُرجوش ہیں۔

دراصل ’سوریہ ونشی‘ کے پرموشن کے لیے روہت شیٹی اور کیٹرینا کیف مہمان بن کر ’بگ باس-15‘ کے سیٹ پر پہنچے تھے۔ جاتے جاتے سلمان سے روہت شیٹی یہ کمٹمنٹ لے کر گئے کہ ’دبنگ‘ اور ’سنگھم‘ فرنچائزی کے اہم کردار کو ایک ساتھ لانے میں وہ تعاون کریں گے۔ ہندوستانی سنیما کے پردے پر یہ پہلی بار ہوگا جب دو سپرہٹ فرنچائزی کے ہیروز ایک ساتھ اسکرین پر نظر آئیں گے۔

’بگ باس-15‘ کے سیٹ پر روہت شیٹی اور سلمان خان کے درمیان جس انداز میں بات ہوئی، وہ بھی کافی دلچسپ ہے۔ روہت نے سلمان سے پوچھا ’’سر آپ مجھے کب سے جانتے ہو؟‘‘ سلمان بولے ’’بہت سال سے۔‘‘ روہت نے آگے کہا ’’میں اس سے پہلے بھی کئی بار بگ باس کے سیٹ پر آ چکا ہوں، ہر بار ہماری بات ہوتی ہے، لیکن آج میں جاننا چاہوں گا کہ چلبل پانڈے اور سنگھم ایک ساتھ کب آر رہے ہیں؟ آج میں وعدہ لے کر جاؤں گا۔‘‘ اس پر سلمان ہنستے ہوئے کہتے ہیں ’’ٹھیک ہے وعدہ رہا۔‘‘ آخر میں سلمان کہتے ہیں ’’ایک بار جو میں نے کمٹمنٹ کر دی اس کے بعد کسی کی نہیں سنتا۔‘‘