سائنسدانوں نے اسکول بس کی سائز کی ایک ایسی مشین تیار کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جو ارض یعنی زمین کے گرم ہوتے موسم کے پیٹرن کو ریکارڈ کرے گی۔ یہ مشین ایک تجوری کی طرح ہوگی جس میں وہ سب کچھ ریکارڈ ہوگا جو ہم کہتے ہیں اور کرتے ہیں۔ یہ ہوائی جہاز کے فلائٹ ریکارڈر یعنی ’بلیک باکس‘ کی طرح کام کرے گی جو حادثہ ہونے سے قبل طیارہ کے آخری لمحات کو ریکارڈ کرتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹیل سے بننے والی اس مشین کو آسٹریلیا کے ایک دور دراز علاقے میں رکھا جائے گا۔ غالباً وہ جگہ آسٹریلیا کا جزیرہ تسمانیہ ہو سکتا ہے۔ مشین کو تیار کرنے والوں کا کہنا ہے کہ انسان کے غلط اقدام کو سمجھنے اور ایک ساتھ جوڑنے میں یہ مشین اہم ثابت ہو سکتی ہے۔ یہ تین انچ موٹائی والے اسٹیل سے تیار ہو رہی ہے جو 33 فیٹ لمبی ہوگی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ سال کے وسط تک یہ مشین بن کر تیار ہو جائے گی۔

یہ بلیک باکس ماحولیاتی تبدیلی اور انسانی غلطیوں سے پیدا خطرات کو ریکارڈ کرے گا۔ انسانی تہذیب کے زوال کی کہانی بھی اس میں ریکارڈ ہوگی۔ 32 فیٹ اونچائی والے اس بلیک باکس کی تعمیر کبھی نہ ٹوٹنے والی اسٹیل سے کیا جائے گا۔ بلیک باکس بنانے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد ہے کہ اگر زمین پر انسانی تہذیب ختم ہوتی ہے تو بچے ہوئے لوگ جان سکیں گے کہ آخر کیا ہوا تھا۔