یومِ جمہوریہ یعنی 26 جنوری 2023 کے پیش نظر ہندوستان میں عظیم الشان تقریب کی تیاریاں ابھی سے شروع ہو گئی ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اس بار یومِ جمہوریہ تقریب میں شرکت کے لیے مسلم ملک مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کو دعوت نامہ بھیجا گیا ہے۔ عبدالفتاح 2014 میں مصر کے صدر عہدہ پر فائز ہوئے تھے، اور تب سے وہ یہ ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔ ہندوستان کی طرف سے انھیں بھیجے گئے دعوت نامہ کو افریقہ اور عرب دنیا دونوں تک ایک ساتھ رسائی کی کوشش تصور کیا جا رہا ہے۔

غور طلب ہے کہ رواں سال ہندوستان اور مصر نے آپسی سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منائی تھی۔ مصر کے ساتھ ہندوستان اپنے سیاسی اور فوجی رشتوں کو بھی لگاتار پروان چڑھا رہا ہے۔ ان باتوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے نئی دہلی کی طرف سے 2023 کی یومِ جمہوریہ تقریب میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی کو بطور مہمانِ خصوصی مدعو کرنا بہت اہم ہے۔

قابل ذکر ہے کہ عرب دنیا میں مصر سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے۔ اسی کے ساتھ مصر افریقہ میں دوسری سب سے بڑی معیشت بھی ہے۔ ایسے میں صدر عبدالفتاح السیسی کے لیے ریڈ کارپیٹ بچھائے جانے سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ آنے والے کچھ سالوں میں دہلی-قاہرہ تعلقات پر خاص توجہ دی جائے گی۔ آئندہ سال منعقد ہونے والے جی-20 سمیلن کے لیے جن ممالک کو دعوت نامہ بھیجا گیا ہے، ان میں مصر بھی شامل ہے۔ بہرحال، آنے والے دنوں میں ہندوستان اور مصر کے درمیان رشتے مضبوط ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔