کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے ذریعہ خواتین کو سیاست کے مرکز میں لانے کی کوششیں خوب تعریف بٹور رہی ہیں۔ اتر پردیش کے بعد اب دیگر ریاستوں میں بھی کانگریس سے جڑے لوگ اس مہم کو کامیاب ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ تمل ناڈو کانگریس کمیٹی اقلیتی محکمہ کے سوشل میڈیا اینڈ آرگنائزیشن انچارج محمد مزمل نے بھی گزارش کی ہے کہ تمل ناڈو میں ’لڑکی ہوں، لڑ سکتی ہوں‘ مہم کا آغاز کیا جائے۔

محمد مزمل نے اس سلسلے میں ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے ’’کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اتر پردیش میں خواتین کو سیاست کے مرکز میں لا دیا ہے۔ اب کوئی بھی پارٹی انھیں نظر انداز نہیں کر سکتی۔‘‘ وہ آگے لکھتے ہیں ’’ہمیں اسے دوسری ریاستوں بشمول تمل ناڈو میں بھی لے جانا چاہیے جہاں کانگریس پانچ دہائیوں سے زیادہ عرصہ سے اقتدار سے باہر ہے۔‘‘ محمد مزمل نے ساتھ میں ایک تصویر بھی لگائی ہے جس میں ساڑی میں ملبوس پرینکا گاندھی مسکراتے چہرے کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں۔ تصویر کے پس منظر میں اتر پردیش کا نقشہ ہے اور لکھا ہوا ہے ’’سیاست کی تاریکی میں امید کی نئی شمع پرینکا گاندھی۔‘‘

غور طلب ہے کہ پرینکا کا نعرہ ’لڑکی ہوں، لڑ سکتی ہوں‘ مشہور ہو گیا ہے۔ یوپی کے کئی اضلاع میں ’لڑکی ہوں، لڑ سکتی ہوں‘ میراتھن دوڑ کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں لڑکیاں شامل ہوئیں۔ کورونا کی وجہ سے کچھ اضلاع میں اس میراتھن دوڑ کو ملتوی کرنا پڑا۔