اتر پردیش میں آئندہ سال اسمبلی انتخاب ہونے والے ہیں۔ اس تعلق سے کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آج راجدھانی لکھنؤ میں ایک انتہائی اہم پریس کانفرنس کی۔ اس دوران انھوں نے ایک ایسا اہم اعلان کیا جو یو پی کی سیاست کو ایک نئی سمت عطا کرے گا۔ یا یوں کہیے کہ پرینکا گاندھی کا یہ اعلان ایک تاریخی بدلاؤ کی طرف اشارہ ہے۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’آنے والے اتر پردیش اسمبلی انتخاب میں ہم 40 فیصد ٹکٹ خواتین کو دیں گے۔ یہ فیصلہ ان سب خواتین کے لیے ہے جو چاہتی ہیں کہ اتر پردیش میں تبدیلی آئے۔ ریاست آگے بڑھے۔‘‘
اتر پردیش میں کانگریس کی بنیاد مضبوط کرنے کے لیے پرینکا گاندھی گزشتہ کئی مہینوں سے سرگرم ہیں۔ لیکن آج کی پریس کانفرنس نے کانگریس کارکنان ہی نہیں، ریاست کی خواتین میں بھی ایک جوش پیدا کر دیا ہے۔ جب پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’اب خواتین سیاست میں پوری طرح شریک ہوں گی‘‘ تو وہاں موجود خواتین نے اس بات کا تالیوں سے استقبال کیا۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے یہ بھی کہا کہ ’’یہ فیصلہ اُس کے لیے ہے جس نے گنگا یاترا کے دوران مجھ سے کہا تھا کہ میرے گاؤں میں اسکول نہیں ہے۔ یہ فیصلہ پریاگ راج کی پارو کے لیے بھی ہے جس نے ہاتھ پکڑ کر مجھ سے کہا تھا کہ میں لیڈر بننا چاہتی ہوں۔‘‘ پرینکا گاندھی نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ’’میرا بس چلتا تو 50 فیصد سیٹیں خواتین کے لیے مختص کر دیتی۔‘‘