ان دنوں پرینکا چوپڑا بالی ووڈ کے کسی بڑے پروجیکٹ میں تو نظر نہیں آ رہی ہیں، لیکن ہالی ووڈ میں کئی بڑی فلموں میں اپنی اداکاری کا جلوہ بکھیر رہی ہیں۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق فلم ’دی میٹرکس ریسریکشن‘ میں وہ ’ستی‘ کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ گزشتہ کچھ دنوں سے اس فلم میں پرینکا کے کردار کے سلسلے میں قیاس آرائیاں ہو رہی تھیں، لیکن اب وارنر بروز نے اس کی تصدیق کر دی ہے۔

وارنر بروز نے گزشتہ مہینے کوریائی پوسٹر کے ساتھ انگریزی پوسٹر بھی شیئر کیا تھا جس میں پرینکا چوپڑا کے ساتھ فلم کا ٹائٹل اور ان کے کردار کو دکھایا گیا تھا۔ پرینکا چوپڑا کو ’ستی‘ کے کردار میں دیکھنے کے لیے ان کے شیدائی ابھی سے کافی پرجوش ہیں۔ دیسی گرل کے چاہنے والے انہیں اس کردار کے لیے بالکل پرفیکٹ مانتے ہیں۔ حال ہی میں میٹرکس کا ٹریلیر بھی ریلیز کیا گیا تھا جس میں پرینکا اپنی فلم کی پہلی لائن بولتی نظر آ رہی ہیں۔

واضح ہو کہ ’میٹرکس ریوالیوشن‘ میں ’ستی‘ کا کردار اداکارہ تنویر اٹوال نے نبھایا تھا۔ میٹرکس کے چوتھے سیزن میں کچھ نئے چہروں کو شامل کیا گیا ہے۔ فلم میں کیان ریوس، کیری این ماس اور جاڈا پنکیٹ اسمتھ کے ساتھ نیل پیٹرک ہیرس، جوناتھن گراف، ٹوبی آن وومیئر، پرینکا چوپڑا سمیت کئی دیگر اداکار نظر آنے والے ہیں۔ میٹرکس کی اس سیریز کو لانا واچوسکی نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ اس فرنچائزی کی پہلی فلم ’دی میٹرکس‘ سال 1999 میں ریلیز ہوئی تھی۔