پروفیسر احمد محفوظ نے 15 فروری 2022 کو شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے صدر شعبہ کی ذمہ داری سنبھال لی۔ اس تعلق سے جامعہ میں آج ایک تقریب کا انعقاد عمل میں آیا جہاں سابق صدر شعبہ پروفیسر شہزاد انجم نے پھولوں کا گلدستہ پیش کر پروفیسر احمد محفوظ کا استقبال کیا۔ پروفیسر شہزاد انجم نے انھیں مٹھائی کھلا کر نیک خواہشات بھی پیش کیں۔ اس موقع پر پروفیسر احمد محفوظ نے بھی سبکدوش صدر شعبۂ اردو پروفیسر شہزاد انجم کو گلدستہ دے کر اظہارِ تشکر پیش کیا۔
شعبۂ اردو میں منعقد سادہ لیکن پروقار اس تقریب میں جامعہ کے کئی اساتذہ موجود تھے۔ پروفیسر خالد جاوید، پروفیسر کوثر مظہری، ڈاکٹر تنویر احمد، ڈاکٹر شاہ عالم، ڈاکٹر سرورالہدی، ڈاکٹر عمران احمد عندلیب، ڈاکٹر خالد مبشر، ڈاکٹر مشیر احمد وغیرہ نے پروفیسر احمد محفوظ کو اپنی نیک خواہشات پیش کیں۔ انھیں مبارکباد دینے والوں میں ڈاکٹر جاوید حسن، ڈاکٹر آفتاب احمد منیری، ڈاکٹر ثاقب عمران، ڈاکٹر ساجد ذکی فہمی، ڈاکٹر عادل حیات اور ڈاکٹر آس محمد صدیقی وغیرہ کے نام بھی شامل ہیں۔
غور طلب ہے کہ پروفیسر اَحمد محفوظ کلاسکی شاعری بالخصوص مطالعہ میر کے حوالے سے اردو دنیا میں جانے اور پہچانے جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں پروفیسر محفوظ کی شناخت ایک خاموش طبع اور سنجیدہ استاذ کی رہی ہے۔ بہرحال، کورونا وبا کی وجہ سے تعلیمی شعبہ کافی متاثر ہوا ہے۔ اب جب کہ حالات دھیرے دھیرے بہتر ہو رہے ہیں، امید کی جا رہی ہے کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ میں شعبۂ اردو کی سرگرمیاں بھی بڑھیں گی۔