سری نگر: آج یہاں اردو کی معروف و ممتاز ادیبہ اور صدر شعبہ اردو، کشمیر یونیورسٹی پروفیسر عارفہ بشریٰ نے ڈین اسکول آف آرٹس، لینگویجز اینڈ لٹریچر، کشمیر یونیورسٹی کا عہدہ سنبھال لیا۔ ایک خاتون سینئر پروفیسر عارفہ بشری کو ڈین بنائے جانے پر اردو حلقے میں خوشی کی لہر دیکھنے کو مل رہی ہے۔ متعدد سرکردہ شخصیات نے پروفیسر عارفہ کو ڈین کا عہدہ سنبھالنے پر دلی مبارکباد بھی پیش کی ہے۔
پروفیسر عارفہ بشریٰ گزشتہ تقریباً 25 برسوں سے درس و تدریس سے وابستہ ہیں۔ تحقیقی اور انتظامی امور میں بھی انہیں گہرا تجربہ حاصل ہے۔ نیز وہ یونیورسٹی میں مختلف اہم تعلیمی اور انتظامی عہدوں پر فائز رہ چکی ہیں۔ وہ مختلف یونیورسٹیوں کے ایڈوانس کورسز، ورکشاپ اورسیمیناروں میں شرکت کر چکی ہیں۔ انہوں نے متعدد پی ایچ ڈی اور ایم فل اسکالرز کی رہنمائی بھی کی ہے۔ وہ کئی نامور اداروں سے اعزازات و انعامات حاصل کر چکی ہیں۔ علاوہ ازیں پروفیسر عارفہ بشریٰ مختلف معیاری رسائل و جرائد کے ادارتی بورڈ میں شامل ہیں اور اپنے شعبہ کے مقبول جریدہ ’بازیافت‘ کی ایڈیٹر بھی ہیں۔ ان کی گراں قدر ادبی خدمات سے ایک دنیا واقف ہے۔
غور طلب ہے کہ پروفیسر عارفہ بشریٰ کو کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ اردو کی پہلی خاتون سربراہ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ شاعری اور تنقید میں انہیں خوب مہارت ہے۔ ان کے کئی تحقیقی مقالات ملک و بیرون ملک کے مشہور رسائل و جرائد میں شائع ہوتے رہے ہیں۔ ان کی اب تک 8 کتابیں بھی منظر عام پر آ چکی ہیں۔