شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سابق صدر پروفیسر شہزاد انجم کو جامعہ ملیہ اسلامیہ کی جانب سے ایک انتہائی اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ انھیں ’اکادمی برائے فروغ استعداد اردو میڈیم اساتذہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ‘ کا اعزازی ڈائریکٹر بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ 23 مارچ 2022 کو جامعہ ملیہ اسلامیہ کے رجسٹرار پروفیسر ناظم حسین جعفری کے نام سے جاری آفس آرڈر میں یہ اطلاع دی گئی۔
واضح رہے کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ میں شعبۂ اردو سے منسلک پروفیسر احمد محفوظ کو گزشتہ دنوں صدر شعبۂ اردو کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ اس سے قبل وہ ’اکادمی برائے فروغ استعداد اردو میڈیم اساتذہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ‘ میں اعزازی ڈائریکٹر کی ذمہ داری نبھا رہے تھے۔ صدر شعبۂ اردو کی ذمہ داری ملنے کے بعد وہ ’اکادمی برائے فروغ استعداد اردو میڈیم اساتذہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ‘ کی ذمہ داری سے سبکدوش ہو گئے۔
غور طلب بات یہ ہے کہ پروفیسر احمد محفوظ سے قبل پروفیسر شہزاد اَنجم جامعہ ملیہ اسلامیہ کے صدر شعبۂ اردو تھے۔ اس ذمہ داری سے سبکدوشی کے بعد پروفیسر شہزاد انجم کو ’اکادمی برائے فروغ استعداد اردو میڈیم اساتذہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ‘ کی ذمہ داری دیے جانے سے اردو اساتذہ کے حلقہ میں خوشی کا ماحول ہے۔ چونکہ پروفیسر شہزاد انجم تعلیمی شعبہ میں سرگرم کارکردگی کے لیے جانے جاتے ہیں، اس لیے درس و تدریس سے جڑے اشخاص، خصوصاً اردو میڈیم اساتذہ کو ان سے کافی امیدیں وابستہ ہیں۔ اس خبر سے پروفیسر شہزاد انجم کے شاگردوں میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔