سری نگر: اردو زبان و ادب کی ممتاز ادیبہ و نقاد، صدر شعبہ اردو اور ڈین اسکول آف آرٹس، لینگویج اینڈ لٹریچر، کشمیر یونیورسٹی پروفیسر عارفہ بشریٰ کو قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے جنرل باڈی کی رکن نامزد کیے جانے سے اردو دنیا، خصوصاً جموں و کشمیر کے علمی و ادبی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

قومی کونسل کے موجودہ ڈائریکٹر پروفیسر دھننجے سنگھ کے دستخط سے جاری مکتوب میں پروفیسر عارفہ کی گراں قدر خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے امید ظاہر کی گئی ہے کہ ان کے گہرے تجربات، نئے ویژن اور علمی و ادبی وسعت نظر سے کونسل آنے والے دنوں میں مستفید ہوگی۔ پروفیسر عارفہ نے اپنی اس نامزدگی کے لیے قومی کونسل کے ڈائریکٹر پروفیسر دھننجے سنگھ اور وزارت تعلیم میں لینگویج ڈائریکٹر سمن دیکشت کا صمیم قلب سے شکریہ ادا کیا ہے۔

تین سال کے لیے قومی کونسل کی رکن نامزد کیے جانے پر پروفیسر عارفہ کو کئی اہم اور معتبر شخصیات نے مبارکباد پیش کی ہیں۔ ان میں پروفیسر قدوس جاوید، پروفیسر انور پاشا، پروفیسر ریاض احمد، ڈاکٹر مشتاق صدف وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں اور یہ سلسلہ ہنوز جاری یے۔ پروفیسر عارفہ بشریٰ درجنوں کتابوں کی مصنفہ ہیں۔ وہ 25 برسوں سے درس و تدریس کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔ تحقیقی و تنقیدی، علمی و ادبی اور انتظامی امور میں ان کو گہرا تجربہ حاصل ہے۔ وہ کئی اہم تعلیمی و انتظامی عہدوں پر فائز بھی رہ چکی ہیں۔ نیز وہ مختلف یونیورسٹیوں کے ایڈوانس کورسز، ورکشاپ اورسیمیناروں میں بھی شرکت کرتی رہی ہیں۔