اتر پردیش کے امیٹھی میں 18 دسمبر کو کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کامیاب پدیاترا (پیدل سفر) نکالی۔ اس میں عوام کا ہجوم دیکھنے لائق تھا۔ دور دور تک لوگ پھیلے ہوئے تھے اور سبھی راہل-پرینکا کا تالی بجا کر استقبال کر رہے تھے۔ ایک ویڈیو پرینکا نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر کی ہے جس میں بھیڑ کے ذریعہ کیے گئے استقبال سے وہ بہت خوش نظر آ رہی ہیں۔ ان کے چہرے پر مسکان پھیل جاتی ہے، جو ایک اطمینان کا اظہار ہے کہ آئندہ یو پی اسمبلی انتخاب میں بی جے پی یا سماجوادی پارٹی کو کانگریس سخت مقابلہ دینے والی ہے۔
اس ٹوئٹ کے ساتھ پرینکا گاندھی نے کچھ جملے بھی لکھے ہیں۔ وہ لکھتی ہیں ’’ایک بہت پرانا رشتہ ہے امیٹھی کے ساتھ۔ محبت اور سچائی کا رشتہ ہے۔ سیاست کا نہیں، جذبات کا رشتہ ہے امیٹھی کے ساتھ۔ شکریہ امیٹھی ڈھیر ساری محبت کے لیے اور بی جے پی کی غلط پالیسیوں کے خلاف اس ہُنکار کے لیے۔‘‘
اس پدیاترا کے دوران راہل گاندھی نے بھی عوام سے ملی محبت کا شکریہ ادا کیا۔ ساتھ ہی انھوں نے ایک بار پھر ہندو اور ہندوتوادی کے درمیان فرق کو لوگوں کے سامنے رکھا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ سچا ہندو کبھی جھوٹ نہیں بولتا، لیکن وزیر اعظم نریندر مودی نے کسانوں سے جھوٹ بولا۔ راہل کہتے ہیں ’’جب کسانوں نے ان کے جھوٹ کو پکڑ لیا تو انھوں نے پھر سے جھوٹ بولتے ہوئے معافی مانگ لی۔‘‘