ہندوستان کی خاتون مکے باز نکہت زریں نے خواتین کے عالمی باکسنگ ٹورنامنٹ میں مخالفین پر قہر برپا کیا ہوا ہے۔ ایک کے بعد ایک یکطرفہ مقابلہ جیتتے ہوئے انھوں نے فائنل میں قدم رکھ دیا ہے۔ نکہت زریں نے 52 کلوگرام وزن والے گروپ کے سیمی فائنل میچ میں برازیل کی مکے باز کیرولین کو 0-5 کے فرق سے شکست دے کر ہندوستان کے لیے طلائی تمغہ کی امیدیں روشن کر دی ہیں۔ نکہت اس مقابلے کے فائنل میں پہنچنے والی پہلی ہندوستانی مکے باز ہیں۔ فائنل میں ان کا مقابلہ تھائی لینڈ کی جتاماس جتپونگ کے ساتھ ہوگا۔
قابل ذکر ہے کہ 25 سالہ ہندوستانی مکے باز نکہت زریں نے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کی چارلی ڈیویسن کو بھی یکطرفہ مقابلے میں شکست دی تھی۔ انھوں نے چارلی کے خلاف بھی 0-5 کے فرق سے جیت حاصل کی تھی اور یہی وجہ ہے کہ سبھی اس بات کو لے پرامید ہیں کہ فائنل میں جتاماس پر نکہت گولڈ میڈل کے لیے زوردار پنچ لگائیں گی۔ سابق جونیئر عالمی چمپئن نکہت نے اپنے کھیل سے لوگوں کو بے حد متاثر کیا ہے اور لگاتار ان کے کھیل میں بہتری دکھائی دے رہی ہے۔
بہرحال، نکہت زریں کے علاوہ اس مقابلے میں منیشا نے بھی ہندوستان کے لیے دوسرا میڈل پختہ کر لیا ہے۔ منیشا نے 57 کلوگرام وزن والے گروپ کے کوارٹر فائنل میچ میں مونخور کو 1-4 سے شکست دی تھی، پھر سیمی فائنل میچ میں انھیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اٹلی کی ارما ٹیسٹا نے انھیں شکست دے دی۔