ٹوکیو اولمپکس میں میڈل حاصل کرنے والے پنجابی کھلاڑیوں کو آج وزیر اعلیٰ کیپٹن امرندر سنگھ نے اپنے ہاتھوں سے بنا کھانا کھلایا اور اس موقع پر نیزہ پھینک مقابلہ میں گولڈ جیتنے والے نیرج چوپڑا لطف لے لے کر کھاتے نظر آئے۔ نیرج کے ساتھ پنجاب کے ہاکی کھلاڑیوں کو بھی کیپٹن امرندر نے نہ صرف اپنے ہاتھوں کا بنا کھانا کھلایا، بلکہ ان کی پلیٹ میں کھانا ڈالتے ہوئے بھی وہ نظر آئے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ایک ویڈیو بھی ڈالی ہے جس میں وہ کھلاڑیوں کی پلیٹ میں کھانا ڈالتے دیکھے جا سکتے ہیں۔

دراصل گزشتہ مہینے ایک تقریب کے دوران کیپٹن امرندر نے وعدہ کیا تھا کہ وہ ٹوکیو میں ملک اور پنجاب کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کو اپنے ہاتھوں سے بنا کھانا کھلائیں گے۔ آج انھوں نے یہ وعدہ پورا کیا اور سسون فارم ہاؤس پر خود ہی چکن، پلاؤ، آلو اور زردہ رائس تیار کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ ایک مکمل باورچی نظر آ رہے تھے۔ کھانا بناتے اور کھلاڑیوں کی پلیٹ میں ڈالتے ہوئے ان کی کئی تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں اور ان پر لوگ تبصرے بھی کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ کیپٹن امرندر نے ٹوکیو اولمپک میں میڈل حاصل کرنے والے اور اس میں شامل ہونے والے کھلاڑیوں کو 32 کروڑ روپے سے زیادہ کی انعامی رقم ایک تقریب کے دوران تقسیم کی تھی۔ اس تقریب میں نیرج چوپڑا شریک نہیں ہو پائے تھے، لیکن آج کی محفل میں وہ شریک رہے۔