اس وقت ہندوستانی ٹیم کے حالات اچھے نہیں لگ رہے ہیں۔ ایسا اس لیے کیونکہ کوہلی-گانگولی تنازعہ ابھی ٹھنڈا بھی نہیں پڑا تھا کہ آر اشون کے شاستری کے سلسلے میں نئے بیان نے نئی بحث کا آغاز کر دیا ہے۔ اشون نے ایک انٹرویو میں اپنا درد بیان کرتے ہوئے سابق کوچ روی شاستری پر سیدھا نشانہ حملہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کیسے ان کی چوٹ کو ٹیم مینجمنٹ نے نظر انداز کر دیا، ساتھ ہی انہیں تنہا چھوڑ دیا گیا۔ سابق کوچ روی شاستری کے ذریعہ اسپنر کلدیپ یادو کی تعریف کیے جانے اور ان پر طنز کسے جانے کے سلسلے میں بھی اشون نے اپنی بات کہی۔ اشون نے اس بات کا ذکر بھی کیا کہ ایک وقت وہ ریٹائرمنٹ کے بارے میں بھی سوچنے لگے تھے۔
اَشون کے اس انٹرویو کے بعد ان کی حمایت میں کئی سوشل میڈیا پوسٹ بھی سامنے آئے ہیں۔ ایک یوزر نے کمنٹ کیا ہے کہ ’’اشون نے اپنے سبھی درد، تکلیف کو صحیح طریقے سے استعمال کیا ہے۔ شاستری کو نشانہ بنایا ہے لیکن وراٹ تو اب بھی سسٹم کا حصہ ہیں۔‘‘ ایک دیگر صارف نے لکھا ہے ’’شاستری اور کوہلی نے ایسا خراب ماحول تیار کر دیا تھا کہ اشون ریٹائرمنٹ لینے والے تھے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کتنا بُرا دور تھا۔‘‘ بہرحال، جنوبی افریقہ سیریز شروع ہونے سے ٹھیک پہلے اشون کے اس انکشاف نے نئی ہلچل پیدا کر دی ہے۔ اب ہندوستانی ٹیم کے لیے یہ سیریز کسی امتحان سے کم نہیں۔