کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی بالآخر بدھ کی رات لکھیم پور کھیری پہنچ ہی گئے۔ گزشتہ تین دنوں سے مقامی انتظامیہ اور کانگریس لیڈروں کے درمیان جاری جدوجہد میں کانگریس کو کامیابی ملی اور راہل و پرینکا کے ساتھ ساتھ پنجاب کے وزیر اعلیٰ چرنجیت چنّی، چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل، کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور رندیپ سرجے والا بھی لکھیم پور کھیری پہنچ گئے۔

لکھیم پور کھیری تشدد میں ہلاک کسانوں کی فیملی سے ملاقات کے دوران راہل-پرینکا سمیت سبھی کانگریس لیڈران جذباتی نظر آئے۔ راہل-پرینکا نے مہلوک کسانوں کے رشتہ داروں کو گلے بھی لگایا اور انصاف کی لڑائی میں ہر قدم پر ساتھ دینے کا وعدہ کیا۔ کانگریس نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے اس ملاقات کی کئی تصویریں شیئر کی ہیں اور ایک پوسٹ میں لکھا ہے ’’ہر آنکھ میں درد ہے، اور یہ درد ساجھا ہے۔ اسی ساجھے داری کو روکنے کی ناکام کوشش کی ہے ظالم بی جے پی حکومت نے۔ مگر جن کا درد ساجھا ہو، ان کو سازشیں نہیں روک سکتیں۔‘‘

راہل-پرینکا نے تشدد میں ہلاک صحافی رمن کشیپ کے گھر والوں سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع کی تصویریں بھی کانگریس کے ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر کی گئی ہیں اور لکھا گیا ہے ’’صحافیوں پر حملہ آئین پر حملہ ہے، اور صحافی کا قتل آئین کا قتل ہے۔ آج راہل جی اور پرینکا جی نے شہید صحافی رمن کشیپ کے رشتہ داروں سے ملاقات کر کے درد بانٹا اور بھروسہ دلایا۔‘‘