ایس ایس راجامولی کی فلم ’آرآرآر‘ نے ریلیز کے ساتھ ہی دھوم مچا دی ہے۔ اس فلم کو لے کر لوگوں میں زبردست جوش و خروش ہے اور سنیما گھروں کے باہر لمبی لمبی قطاریں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ ’آرآرآر‘ کا جادو صرف ہندوستان میں ہی نہیں چلا ہے بلکہ بیرون ملک میں بھی لوگ اس کے دیوانے ہوئے جا رہے ہیں۔ اس کا ثبوت ہے یو ایس پریمیئر شو میں اس فلم کا 22 کروڑ روپے کا بزنس کر جانا۔

ریلیز کے کچھ گھنٹوں بعد ہی ’آرآرآر‘ نے اپنا کمال دکھاتے ہوئے ریکارڈ بنانا شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 300 کروڑ روپے کے بجٹ میں بنی اس فلم کو دیکھنے کے لیے یو ایس پریمیئر شوز میں لوگوں کی بھیڑ امنڈ پڑی اور کچھ ہی گھنٹوں میں اس نے 3 ملین ڈالرس، یعنی تقریباً 22 کروڑ روپے کی کمائی کر لی۔ یہ یو ایس باکس آفس پر صرف پریمیئر شو میں کسی بھی ہندوستانی فلم کے ذریعہ کی گئی سب سے زیادہ کمائی کا نیا ریکارڈ ہے۔

ایس ایس راجامولی کی ہدایت کاری میں بنی ’آرآرآر‘ کی ریلیز کے ساتھ ہی چہار جانب تعریف شروع ہو گئی ہے۔ لوگ اسے بہترین اور بے مثال فلم قرار دے رہے ہیں۔ ’آرآرآر‘ تلگو مجاہد آزادی الّوری سیتارام راجو اور کومارام بھیم کی زندگی پر مبنی ہے۔ اس میں جونیئر این ٹی آر اور رام چرن نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔ ان کا ساتھ دینے والوں اداکاروں میں ہیں عالیہ بھٹ، اجئے دیوگن، شریا سرن اور اولویا ماریس۔