جنوبی ہند فلموں کے ادارکار ناگا چیتنیہ اور سامنتھا رُتھ کے طلاق سے فلم شائقین ابھی باہر بھی نہیں نکلے تھے کہ دھنش اور ایشوریہ کی شادی ٹوٹنے کی خبر نے انہیں ایک اور بڑا دھچکا دے دیا۔ دھنش نے سوشل میڈیا پر جیسے ہی اپنی 18 سالہ شادی کے ٹوٹنے کی خبر شیئر کی ان کے چاہنے والے کافی پریشان ہو گئے اور اس جوڑی کے ایک بار پھر ساتھ آنے کی دعائیں کرنے لگے۔ راحت کی بات یہ ہے کہ سپراسٹار رجنی کانت نے خود اس شادی کو جوڑنے کے لیے کوششیں شروع کر دی ہیں اور دھنش-ایشوریہ سے بات کرنے کی تیاری میں ہیں۔
دراصل رجنی کانت بالکل نہیں چاہتے کہ ان کی بیٹی کا دھنش سے الگاؤ ہو، کیونکہ ان کے دو بیٹے ہیں جن کی زندگی پر اس کا بُرا اثر پڑ سکتا ہے۔ ماضی میں بھی دھنش-ایشوریہ کی شادی ٹوٹنے کی کئی بار نوبت آئی تھی لیکن رجنی کانت ہر بار درمیانی راستہ نکال کر دونوں کو ایک ساتھ لانے میں کامیاب ہوئے۔ اس بار بھی فینس یہی امید کر رہے ہیں کہ رجنی کانت پھر دھنش-ایشوریہ میں صلح کرا کر ان کی شادی کو ٹوٹنے سے بچا لیں گے۔
ایک رپورٹ کے مطابق رجنی کانت نے بہو اور بیٹے کے تعلق سے کہا کہ یہ طلاق نہیں بلکہ سیپریشن (علیحدگی) ہے جو اکثر جوڑے کے درمیان عدم اتفاق اور گھریلو جھگڑوں کی وجہ سے ہو جاتا ہے۔ اسی وجہ سے دھنش اور ایشوریہ الگ ہوئے ہیں، اس کا مطلب یہ نہیں کہ دونوں طلاق لے رہے ہیں۔