شیطان کے حملوں سے بچنے کی ڈھال ہے روزہ:
حضور پُرنور صلی اللّٰہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ ’’روزہ دار کے لیے روزہ ڈھال ہے۔ یعنی ’روزہ دار‘ روزہ کی وجہ سے دنیا میں ’شیطان‘ کے شر سے بچتا ہے، اور اس کے حملوں کو روکتا ہے۔ اتنا ہی نہیں، روزہ ’آخرت‘ میں ’دوزخ‘ کی آگ سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔
روزہ داروں کی نیند اور خاموشی بھی عبادت:
بیہقی سے روایت ہے کہ ’’رسول اللّٰہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ– روزہ داروں کی ’نیند‘ عبادت ہے اور اس کے خاموش رہنے میں بھی اس کو ’تسبیح‘ یعنی ’سبحان اللّٰہ‘ کہنے کا ثواب ملتا ہے۔ روزہ داروں کے ہر عمل کا ثواب بڑھایا جاتا ہے اور اس کی دعا مقبول ہوتی ہے۔ اس کے گناہ بخش دیے جاتے ہیں۔ (مظاہر حق)
اللہ کو پسند ہے روزہ داروں کے منھ کی بو:
حضور اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایاکہ ’’روزہ دار کے منھ کی بو اللّٰہ تعالٰی کے نزدیک ’مشک‘ کی بو سے زیادہ پسندیدہ ہے۔ گویا کہ روزہ دار اللہ تعالیٰ کا محبوب ہو جاتا ہے۔
روزہ دار اور جسم کی تندرستی:
مظاہر حق میں ’بیہقی‘ سے منقول ہے کہ ’’رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا– اللّٰہ تعالٰی نے بنی اسرائیل کے ایک پیغمبر کی طرف وحی بھیجی کہ اپنی قوم کو خبردار کر دیں کہ جو بندہ میری رضامندی کے واسطے کسی دن روزہ رکھتا ہے تو میں دنیا میں اس کے جسم کو تندرست رکھتا ہوں، اور اس کو آخرت میں بہت ثواب دیتا ہوں۔