رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کی رحمت و بخشش اور مغفرت کا مہینہ ہے۔ وہ لوگ خوش قسمت ہیں جنہوں نے اس مقدس مہینے میں روزہ اورعبادت کے ذریعہ اللہ تعالیٰ کو راضی کیا۔ یہ وہ مبارک مہینہ ہے کہ جس میں اللہ تعالیٰ نفل کا ثواب فرض کے برابر اور فرض کا ثواب 70 گنا بڑھا دیتا ہے۔

روزہ ایسی عبادت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشاد کے مطابق زندگی کے تمام مراحل میں کار آمد ثابت ہوتا ہے۔ اگر زندگی کو تین مراحل میں تقسیم کر دیا جائے تو رمضان کا پہلا عشرہ رحمت کا ہے جو خصوصاً زندگی کے پہلے مرحلے میں اشد ضروری ہے۔ دوسرا عشرہ مغفرت کا ہے جو زندگی کے دوسرے مرحلے کے لیے کار آمد ہے کہ اس کی وجہ سے قبر میں راحت ملے گی۔ اور تیسرا عشرہ جہنم سے آزادی کا ہے جو زندگی کے تیسرے مرحلے میں کار آمد ہے۔ پہلا عشرہ تو اختتام پذیر ہوا، اس لیے اب دوسرے و تیسرے عشرہ سے استفادہ کا موقع ہے۔

ماہ رمضان مغفرت کا وہ عظیم الشان مہینہ ہے کہ جو شخص اس کو پانے کے بعد بھی مغفرت سے محروم رہ گیا وہ انتہائی بدقسمت اور حرماں نصیب کہا جائے گا۔ دعاء کے لحاظ سے ماہِ رمضان کی اہمیت کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے: آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ ’’تین آدمیوں کی دعا رد نہیں ہوتی۔ ایک روزہ دار کی افطار کے وقت، دوسرے عادل بادشاہ کی اور تیسرے مظلوم کی۔‘‘