رمضان المبارک کا دوسرا عشرہ جاری ہے جو مغفرت کا عشرہ کہلاتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ اس مہینے کی برکت کی وجہ سے ہم سے راضی اور خوش ہو کر ہماری مغفرت و بخشش کر دے۔ رمضان المبارک مغفرت و بخشش کا وہ عظیم الشان مہینہ ہے کہ اگر اس کو پا لینے کے بعد بھی کوئی شخص اللہ تعالیٰ کی رحمت، مغفرت اور جہنم سے خلاصی پانے سے محروم رہ گیا تو وہ انتہائی بدقسمت ہوگا۔
رواں سال یعنی 2022 کے رمضان المبارک کا پہلا عشرہ تو گزر چکا اور اب دوسرا عشرہ بھی گزرنے کو ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی عبادات اور دعاؤں کے ذریعہ اللہ کو راضی کر لیں۔ بہت سی قومیں ایسی ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ان کے توبہ و استغفار کرنے کی وجہ سے ان پر سے عذاب ٹال دیا۔ اس سے ہمیں سبق حاصل کر توبہ و استغفار کی کثرت کرنی چاہیے۔
رمضان المبارک کو اس لیے رمضان کہا جاتا ہے کیونکہ یہ گناہوں کو جلا دیتا ہے۔ چنانچہ جس شخص کی توبہ قبول ہو گئی اور اللہ تعالیٰ نے اسے بخش دیا تو گویا وہ رمضان المبارک کے فضائل و برکات سے مالا مال ہو گیا۔ خود آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم رمضان المبارک کے دوسرے عشرے میں انتہائی کثرت اور اہتمام سے توبہ و استغفار کرتے تھے۔ دوسرے عشرے کی دعا ہے ’’میں اللہ تعالیٰ سے تمام گناہوں کی معافی مانگتا ہوں (جو میرا پروردگار ہے) اور اسی کی طرف میں رجوع کرتا ہوں۔‘‘