ہندوستانی ٹیم میں ان دنوں جوابی حملوں کا سلسلہ سا شروع ہو گیا ہے۔ ایسے میں ہندوستان کے سابق کوچ روی شاستری کیسے پیچھے رہنے والے تھے۔ وہ بھی اس دوڑ میں شامل ہو گئے ہیں۔ شاستری نے آر. اشون کے بیان پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے فیصلوں سے اشون کو ٹھیس پہنچی ہے تو وہ بہت خوش ہیں کیونکہ میرے ایسا کرنے سے انہیں کچھ الگ کرنے کی ترغیب ملی۔
’انڈین اکسپریس‘ کی ایک تقریب میں روی شاستری نے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر آپ کا کوچ آپ کو چیلنج دیتا ہے تو آپ کیا کریں گے؟ روتے ہوئے گھر جائیں گے اور کہیں گے کہ میں واپس نہیں آؤں گا۔ میں ایک کھلاڑی کے طور پر اسے ایک چیلنج کے طور پر لوں گا تاکہ کوچ کو غلط ثابت کیا جا سکے۔ اگر کلدیپ پر میرے بیان سے اشون کو ٹھیس پہنچی ہے تو مجھے خوشی ہے کہ میں نے یہ بیان دیا۔ اس نے انہیں کچھ الگ کرنے کا حوصلہ دیا ہے۔‘‘
غور طلب ہے کہ 2018-19 میں آسٹریلیائی دورے کے دوران سیریز کے فیصلہ کن مقابلے میں اشون کو باہر کر کلدیپ یادو کو موقع دیا گیا تھا۔ کلدیپ نے میچ میں 5 وکٹ بھی لیے تھے۔ اس وقت شاستری نے کلدیپ کی خوب تعریف کی تھی اور انہیں غیر ملکی پچوں پر بہترین اسپنر قرار دیا تھا۔ اشون کو یہ بات ناگوار گزری تھی اور اس کے لیے گزشتہ دنوں انہوں نے شاستری کو نشانہ بنایا تھا۔