بروز جمعہ بتاریخ 12 نومبر 2021 ابنائے جامعہ دارالسلام، عمر آباد، فضیلت سال آخر کی آمد پر مرکز دارالہدی، اڈپی شاخ، حیدر آباد کی جانب سے ایک تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کا آغاز حافظ نعمان قریشی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس مجلس کی صدارت فضیلة الشيخ عبدالصمد عمری حفظہ الله نے کی۔ انھوں نے اپنی صدارتی تقریر میں طلبا کے سامنے عصر حاضر کے تقاضوں اور اہداف و مقاصد کے تعلق سے انتہائی اہم باتیں رکھیں۔ اس موقع پر دیگر اہم مقررین نے اپنے تاثراتی کلمات میں طلبا کو مفید مشوروں سے نوازا اور بتایا کہ وہ اپنے اہداف و مقاصد کو پورا کرنے کی طرف صحیح طور پر کس طرح گامزن ہو سکتے ہیں۔

تقریب میں مہمانان خصوصی کے طور پر اساتذۂ جامعہ شیخ جعفر علی صدیقی عمری مدنی اور شیخ ایاز احمد عمری حفظہما اللہ موجود تھے۔ دیگر شریک علمائے کرام میں شیخ شفیق عالم جامعی، شیخ نور الدین عمری، شیخ حسین الزہرانی حفظہم اللہ کے نام اہم ہیں۔ تقریب کے دوران مرکز کا تعارف صدر مرکز دارالہدی ابو فوزان ناکوا یحییٰ صاحب نے پیش کیا۔ آخر میں علماء کرام کی طرف سے مرکز دارالہدی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا، اس کی خدمات کا اعتراف کیا گیا اور اس کی کامیابی کے لیے دعائیں بھی کی گئیں۔ اس تقریب کے اختتام سے ٹھیک پہلے مرکز کی جانب سے جامعہ کے طلبا کو کتابوں کا بیش قیمتی تحفہ پیش کیا گیا۔ پھر ہدیۂ تشکر کے ساتھ اس محفل کا اختتام عمل میں آیا۔