ریلوے میں ملازمت کرنے کے خواہش مند لوگوں کے لیے ایک بہترین موقع سامنے آیا ہے۔ نارتھ ایسٹ فرنٹیر ریلوے نے اپرینٹس کے ہزاروں عہدوں پر تقرری کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے لیے اہل امیدوار نارتھ فرنٹیر ریلوے کی آفیشیل ویب سائٹ nfr.indianrailways.gov.in پر جا کر درخواست کر سکتے ہیں۔ ان عہدوں پر تقرری کے لیے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ اس بھرتی عمل کے ذریعہ مجموعی طور پر 5636 عہدوں کو بھرا جانا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ درخواست دینے کی آخری تاریخ 30 جون ہے، یعنی خواہش مند امیدواروں کو رجسٹریشن کرانے میں اب تاخیر نہیں کرنی چاہیے۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق انڈین ریلوے کے ذریعہ اس بھرتی مہم کے تحت کٹیہار اور ٹی ڈی ایچ ورکشاپ کے لیے 919 عہدے، علی پور دوار کے لیے 522 عہدے، رنگیا کے لیے 551 عہدے، لمڈنگ کے لیے 1140 عہدے، تنسکیا کے لیے 547 عہدے، نیو بونگائی گاؤں کے لیے 1110 عہدے اور ڈبرو گڑھ ورکشاپ کے لیے 847 عہدے کو پُر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ درخواست کرنے کے لیے امیدوار کو منظور شدہ بورڈ سے کم از کم 50 فیصد نمبروں کے ساتھ دسویں درجہ پاس ہونا چاہیے۔ اس کے ساتھ ہی درخواست دہندہ کا متعلقہ ٹریڈ میں آئی ٹی آئی ہونا ضروری ہے۔ مذکورہ عہدے کے لیے عمر کی حد 15 سال سے 24 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔ قابل ذکر ہے کہ ان عہدوں پر امیدواروں کا انتخاب تیار کردہ میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔