ہر سال کی طرح اس سال بھی 26 جنوری کو ہندوستان میں یومِ جمہوریہ منایا جائے گا۔ 73ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر ہندوستان کی راجدھانی دہلی واقع ’راج پتھ‘ پر حسب سابق یومِ جمہوریہ پریڈ بھی منعقد ہوگا۔ لیکن اس مرتبہ پریڈ اپنے مقررہ وقت سے نصف گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوگی۔ آج تک ایسا کبھی نہیں ہوا تھا، لیکن اس مرتبہ حالات کچھ ایسے بنے ہیں کہ پریڈ کا وقت نصف گھنٹہ بڑھا دیا گیا ہے۔ یعنی اب تک جو یوم جمہوریہ پریڈ 10 بجے شروع ہو جاتی تھی، وہ اس بار 10.30 بجے شروع ہوگی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سال یوم جمہوریہ پریڈ میں تاخیر اس لیے ہوگی کیونکہ پریڈ سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی ’انڈیا گیٹ‘ پر ’امر جوان جیوتی‘ اور ’نیشنل وار میموریل‘ پر مالا چڑھا کر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ پھر 8 کلومیٹر پر مشتمل یوم جمہوریہ پریڈ رائے سینا ہل سے شروع ہو کر راج پتھ، انڈیا گیٹ سے ہوتے ہوئے لال قلعہ پر ختم ہوگی۔

غور طلب ہے کہ قومی راجدھانی میں یومِ جمہوریہ سے پہلے دہلی پولس نے راج پتھ اور اس کے اطراف کی سیکورٹی بہت بڑھا دی ہے۔ تقریباً 300 سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں اور چہرے کی شناخت کرنے والے سسٹم بھی نصب کیے گئے ہیں۔ اس سسٹم میں 50 ہزار مشتبہ جرائم پیشوں کا ڈاٹابیس ڈالا گیا ہے۔ کووڈ-19 وبا کی وجہ سے اس بار یومِ جمہوریہ تقریب میں صرف 24 ہزار لوگوں کو شرکت کی اجازت ملی ہے۔