نئی دہلی: مرکز برائے عربی و افریقی مطالعات، جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے ریسرچ اسکالر محفوظ عالم ندوی کو عربی زبان میں تحقیق کے لیے گزشتہ روز پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض کی گئی۔ ان کے ریسرچ کا موضوع ’ابراہیم الکونی کے ناولوں کے افسانوی عناصر میں عجائبیہ‘ تھا۔ یہ تحقیق انھوں نے مرکز برائے عربی و افریقی مطالعات، جے این یو کے استاد پروفیسر ڈاکٹر محمد قطب الدین کی نگرانی میں مکمل کی جو کہ 350 صفحات پر مشتمل ہے۔
محفوظ عالم ندوی نے اپنی اس کامیابی کا سہرا اپنی والدہ، بردران، شریک حیات اور سبھی اساتذہ کو دیا۔ ان کی اس کامیابی پر اہل خانہ، رشتہ دار و احباب اور گاؤں والوں کے درمیان خوشی کا ماحول ہے۔ انھیں مبارکبادیاں پیش کی جا رہی ہیں اور مزید کامیابی کی دعاؤں سے بھی نوازا جا رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے ساتویں کنووکیشن (جلسہ تقسیم اسناد) میں نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ، جے این یو کے چانسلر کنول سبل، وائس چانسلر پروفیسر شانتی شری دھلیپوڑی پنڈت اور ڈین کے دست مبارک سے کم و بیش 800 اسکالرز کو پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض کی گئی۔ تقریب تقسیم اسناد میں ریسرچ اسکالرز کی علمی کاوشوں کو سراہا گیا اور پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی گئی۔ جن طلبا کو تقریب تقسیم اسناد میں پی ایچ ڈی کی ڈگری دی گئی ان میں محمد دانش، حامد رضا، فرحان انصاری، محمد اسد، شہنواز عالم، فرحہ شاہین، نظر الاسلام، محمد صدام وغیرہ شامل ہیں۔