نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر نے پروفیسر شہپر رسول کو ارجن سنگھ سینٹر برائے فاصلاتی تعلیم کے تحت چلنے والے اردو کورسز اور مکتبہ جامعہ لمیٹیڈ کا کنسلٹنٹ مقرر کیا ہے۔ علاوہ ازیں پروفیسر شہزاد انجم کو مکتبہ جامعہ لمیٹیڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز کیا گیا ہے۔ اس خبر سے علمی و ادبی حلقوں میں خوشی کی لہر ہے۔
واضح رہے کہ پروفیسر شہپر رسول شعبہ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے صدر شعبہ اور دہلی اردو اکادمی کے وائس چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کا شمار عہدِ حاضر کے ممتاز شعرا میں ہوتا ہے۔ ان کی کتاب’اردو غزل میں پیکر تراشی‘ کو ادبی دنیا میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ پروفیسر شہپر رسول کو غالب انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے ’غالب انعام برائے شاعری‘ سے بھی سرفراز کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کئی اہم رسائل نے ان پر خصوصی گوشے بھی شائع کیے ہیں۔
پروفیسر شہزاد انجم شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے صدر شعبہ ہیں۔ اس سے قبل انھوں نے بحیثیت کوآرڈی نیٹر ’ٹیگور ریسرچ اینڈ ٹرانسلیشن اسکیم‘ منجانب وزارتِ ثقافت، حکومتِ ہند، ڈائریکٹر مرکز برائے فروغِ استعدادِ اردو میڈیم اساتذہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ اور بحیثیت انچارج جامعہ کمیونٹی سینٹر بحسن و خوبی اپنی ذمہ داریاں ادا کی ہیں۔ ان کی درجنوں کتابیں ادبی حلقے میں مقبول ہوچکی ہیں، جن میں ’عہد ساز شخصیت سرسید احمد خان‘، ’دیدہ ور نقاد گوپی چند نارنگ‘ اور ’اردو کے غیر مسلم شعرا و ادبا‘ قابلِ ذکر ہیں۔