مشہور شخصیت آر جے نوید گزشتہ جمعہ کو ’کلاؤڈ اِن کیفے‘ پہنچے جہاں انھوں نے لذیز پزا اور کیک کا مزہ لیا۔ انھوں نے پزا-کیک کے ذائقے کی تعریف کرتے ہوئے ان نوعمر بچوں کی بھی حوصلہ افزائی کی جنھوں نے اپنی محنت سے ’کلاؤڈ اِن کیفے‘ کو وجود میں لایا۔ دراصل آر جے نوید ’کلاؤڈ اِن کیفے‘ کا افتتاح کرنے دہلی کے ابوالفضل انکلیو پارٹ-1 واقع جی-1، شاپ نمبر-4 پہنچے تھے۔ ان کے پہنچنے سے پہلے ہی یہاں لوگوں کی بھیڑ جمع ہو گئی تھی۔ پھر دعائے خیر و برکت کے ساتھ ’کلاؤڈ اِن کیفے‘ کا افتتاح ہوا۔
اس موقع پر آر جے نوید نے وہاں موجود لوگوں کے ساتھ اچھا وقت گزارا اور تصویریں بھی لی گئیں۔ انتہائی خوشگوار ماحول میں لوگ مختلف انداز سے تیار پزا، کیک اور مشروبات سے لطف اندوز ہوئے۔ آر جے نوید سمیت دیگر موجود لوگوں کو یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ جن تین دوستوں بلال خان، محمد طلحہ اور یسریٰ طارق نے کیفے کا انتظام و انصرام سنبھالا ہے وہ جامعہ ملیہ اسلامیہ سے ہوٹل مینجمنٹ کا کورس کر رہے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ تینوں اسکول کے وقت سے دوست ہیں۔
کیفے کے فاؤنڈر اور سرپرست فرحان جلال کہتے ہیں ’’ہماری کوشش ہے کہ لوگوں کو غیر مضر اور ذائقہ دار غذا فراہم کریں۔ ہم یہ بھی بتانا چاہتے ہیں کہ ہمارے یہاں کئی طرح کے لذیز کیک بنائے جاتے ہیں، لیکن برتھ ڈے کیک نہیں۔‘‘ گویا کہ کیفے میں اسلامی تہذیب کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔