ہندوستانی ٹیم کچھ دنوں میں جنوبی افریقہ دورے پر روانہ ہونے والی ہے۔ لیکن اس سے پہلے ایسے حالات بن گئے ہیں جس نے لوگوں کو سوچنے پر مجبور کر دیا ہے۔ دراصل روہت شرما پہلے ہی جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو چکے ہیں، اور اب وراٹ کوہلی نے وَنڈے سیریز سے اپنا نام واپس لے لیا ہے۔ وراٹ نے اپنے فیصلے کی اطلاع بی سی سی آئی کو دے دی ہے۔
وراٹ کوہلی نے ونڈے سیریز سے نام واپس لینے کی صاف وجہ نہیں بتائی ہے جس سے کرکٹ شائقین کو شبہ ہونے لگا ہے کہ ٹیم میں سب کچھ ٹھیک نہیں۔ حالانکہ لوگ اسے ’فیملی بریک‘ سے جوڑ کر بھی دیکھ رہے ہیں کیونکہ کوہلی کی بیٹی وامیکا کا پہلا برتھ ڈے جنوری میں ہی ہے۔ لیکن اس میں بھی سوال یہ اٹھ رہا ہے کہ وامیکا کا یومِ پیدائش 11 جنوری کو ہے اور اس دن ٹیسٹ میچ ہو رہا ہوگا جبکہ ونڈے سیریز 19 جنوری سے شروع ہونی ہے تو وَنڈے سے بریک لینے کا کیا مطلب؟
واضح ہو کہ بی سی سی آئی نے کوہلی کو ونڈے کپتانی سے ہٹا کر روہت کو کپتان بنا دیا ہے۔ ایسی خبریں ہیں کہ کوہلی ونڈے کی کپتانی سے ہٹائے جانے سے ناراض ہیں۔ حالانکہ زخمی ہو کر ٹسٹ سیریز سے باہر ہوئے روہت نے پچھلے دنوں کوہلی کی کپتانی کی تعریفوں کے پُل باندھے تھے۔ ایسا لگ رہا تھا کہ سب کچھ ٹھیک ہے، لیکن کوہلی کے تازہ فیصلے سے سبھی حیران ہیں۔