ہندوستان کی کمان سنبھالے ابھی روہت شرما کو کچھ ہی دن ہوئے ہیں لیکن انہوں نے مستقبل کے ’لیڈر‘ کی شناخت کر لی ہے۔ روہت نے مستقبل کے ’لیڈر‘  کے ناموں کا اعلان کرتے ہوٗے کہا کہ جسپریت بمراہ، کے ایل راہل اور رشبھ پنت آنے والے وقت میں ہندوستانی ٹیم کی لیڈرشپ میں اہم کردار ادا کرنے کے قابل ہیں۔

سری لنکا کے خلاف ٹی-20 سیریز سے پہلے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روہت شرما نے کہا کہ میں اس سلسلے میں پوری طرح کلیئر ہوں کہ لیڈرشپ کے کردار کو کیسے آگے بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’جسپریت بمراہ کو نائب کپتان بنانا درست فیصلہ ہے۔ ان کے پاس کرکٹ کا بہترین دماغ ہے۔ ایسے میں ان کا فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ یہ بہت اچھا ہے کہ وہ لیڈرشپ کے رول میں ہیں۔ انہوں نے اپنے کھیل کو زبردست طریقے سے آگے بڑھایا ہے۔ یہ رول ملنے سے اسے کافی بھروسہ ملے گا۔‘‘

کے ایل راہل کی بات کریں تو انہوں نے جنوبی افریقی دورے میں ونڈے سیریز میں ٹیم کی قیادت کی تھی جس میں ہندوستان کو شکست ہوئی تھی۔ ان کی لیڈرشپ میں کھیلے گئے واحد ٹیسٹ میں بھی ٹیم کو شکست کا سامنا ہوا تھا۔ علاوہ ازیں راہل اور بمراہ کی غیر موجودگی میں رشبھ پنت ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں نائب کپتان بنے تھے۔ بہرحال، چونکہ روہت کی عمر 35 سال ہو چکی ہے اس لیے انہوں نے ابھی سے لیڈرشپ کی صلاحیت رکھنے والے کھلاڑیوں پر نظر رکھنی شروع کر دی ہے۔