اگر آپ نے کارتک آرین کی فلم ’بھول بھلیا-2‘ دیکھی ہے تو آپ کو فلم کا کردار ’روح بابا‘ اچھی طرح یاد ہوگا۔ اس کردار نے لوگوں کو خوب لطف اندوز کیا اور کارتک کو اس کردار کے لیے کئی لوگوں نے مبارکباد بھی پیش کی۔ اب خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ ’روح بابا‘ کے اس کردار کو بچوں کے لیے کامکس بک کی شکل میں پیش کیا جائے گا۔ یعنی روح بابا کی ایسی کہانیاں بچوں کو پڑھنے کے لیے ملیں گی جس میں روحانی قوت موجود ہوگی۔

بچوں کو یہ خوشخبری خود کارتک آرین نے اپنے ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعہ دی ہے۔ انھوں نے ’روح بابا کی بھول بھلیا‘ کتاب کے پہلے صفحہ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے ’’روح بابا اور ان کی کہانیاں اب آ گئی ہے کامکس کی بھول بھلیا میں۔ یہ میرے سبھی چھوٹے فینس کے لیے ہے۔‘‘ کامکس بک کی دنیا میں مشہور ’ڈائمنڈ کامکس‘ روح بابا پر مبنی یہ کہانیاں لے کر آ رہا ہے، اور بچوں کے لیے یہ خبر یقیناً خوش آئند ہے۔

مشہور فلم ناقد ترن آدرش نے بھی ’روح بابا کی بھول بھلیا‘ کامکس بک کے بارے میں جانکاری سوشل میڈیا پر دی ہے۔ انھوں نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’کارتک آرین اپنی نسل کے پہلے ایسے اداکار ہیں جن کے ذریعہ فلم میں نبھائے گئے کسی کردار کو کامکس بک میں جگہ ملی ہے۔‘‘ غور طلب ہے کہ کارتک آرین کی فلم ’بھول بھلیا-2‘ سپرہٹ ثابت ہوئی تھی۔ اس فلم نے 250 کروڑ روپے سے بھی زیادہ کی کمائی کی۔