بین الاقوامی شہرت یافتہ پدم شری انور خان نے بہت پہلے ایک پروگرام کے دوران راجستھانی بھجن گایا تھا جو آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کو بہت پسند آیا تھا۔ اس وقت بھاگوت نے وعدہ کیا تھا کہ وہ جب بھی راجستھان کا دورہ کریں گے تو بھجن سننے کے لیے انور خان کے گھر ضرور پہنچیں گے۔ 26 ستمبر کو انھوں نے یہ وعدہ پورا کیا اور راجستھانی بھجن سننے انور خان کے باڑمیر واقع گھر پہنچ گئے۔ وہاں موہن بھاگوت نے تقریباً ایک گھنٹہ گزارا اور انور خان کے بھجن سے لطف اندوز ہوئے۔
آر ایس ایس سربراہ کی آمد پر پدم شری انور خان نے خوشی کا اظہار کیا اور اپنی سحرانگیز آواز میں راجستھانی بھجن سنایا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ ’’کچھ وقت پہلے ایک تقریب کے دوران پانچ پدم شری لوک فنکار اپنی فنکاری پیش کر رہے تھے۔ اسی دوران میں نے بھی اپنے فن کا نمونہ پیش کیا۔ لیکن مجھے دیگر فنکاروں سے کچھ الگ پیش کرنے کا موقع ملا، پھر میں نے ’پدھارو مارے دیش‘ گیت گایا تھا۔‘‘ وہ مزید بتاتے ہیں کہ ’’میرا گیت سن کر موہن بھاگوت بہت خوش ہوئے تھے اور کہا تھا کہ راجستھان دورہ پر آنے کے وقت وہ ضرور بھجن سننے کے لیے باڑمیر آئیں گے۔ آج (اتوار کو) انھوں نے اپنا وعدہ پورا کیا اور میرے گھر آئے۔ اس دوران ننھے منے فنکاروں کے ساتھ میں نے راجستھانی شیو بھجن ان کے سامنے پیش کیا۔ وہ بہت خوش ہوئے۔‘‘