بھارت جوڑو یاترا اس وقت مدھیہ پردیش میں ہے اور اسے لوگوں کی بھرپور محبت مل رہی ہے۔ جگہ جگہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی بی جے پی اور مرکز کی عوام مخالف پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ آج (26 نومبر) یومِ آئین کے موقع پر انھوں نے آر ایس ایس کو اپنا ہدف بنایا۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ ’’آر ایس ایس ہندوستانی آئین کو ختم کر رہا ہے۔ یہ اپنے لوگوں کو فوج، میڈیا، عدالتوں میں بھیج رہی ہے تاکہ ملک کی آواز کا گلا گھونٹا جا سکے۔‘‘
راہل گاندھی نے اپنے خطاب میں نوٹ بندی، جی ایس ٹی اور حکومت کی دیگر عوام مخالف پالیسیوں کا تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’بی جے پی پبلک سیکٹرس کو اپنے بڑے ’متروں‘ کے حوالے کر رہی ہے۔ نوٹ بندی، جی ایس ٹی حکومت کی پالیسی نہیں، عام لوگوں کو ڈرانے کے ہتھیار ہیں۔‘‘ بے روزگاری کے معاملے پر راہل کہتے ہیں ’’آج ملک میں انجینئر، ایم بی اے کرنے والے نوجوان بھی مزدوری کر رہے ہیں۔‘‘
مہو میں لوگوں سے مخاطب ہوتے ہوئے راہل نے کہا کہ ’’ایک تنظیم (آر ایس ایس) نے 52 سالوں تک اپنے دفتر پر ترنگا نہیں لہرایا۔ آر ایس ایس کے لوگوں میں اتنا دم نہیں کہ وہ سامنے سے آئین ختم کر دیں، اس لیے یہ کام چھپ کر ہو رہا ہے۔‘‘ غور طلب ہے کہ آج کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے بھی بھارت جوڑو یاترا میں شامل ہوئے۔ وہ راہل کے ساتھ بابا صاحب امبیڈکر کے مقامِ پیدائش پر بھی گئے۔