آر ایس ایس 2025 میں اپنے قیام کے 100 سال مکمل کر لے گا۔ اس کو پیش نظر رکھتے ہوئے اس ہندوتوا تنظیم نے کچھ اہم منصوبے تیار کیے ہیں۔ ان منصوبوں میں سے ایک ہے مدھیہ پردیش میں ماڈرن پرائیویٹ سینک اسکول کا قیام۔ آر ایس ایس سے منسلک ادارہ ’ودیا بھارتی‘ کی طرف سے یہ پرائیویٹ سینک اسکول کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے جو کہ جدید ترین سہولیات سے مزین ہوگا۔
ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی 9 ہندی ڈاٹ کام‘ پر شائع ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ پرائیویٹ سینک اسکول تقریباً 50 ایکڑ احاطہ پر مشتمل ہوگا۔ اسکول کے لیے 40 ایکڑ زمین تو ودیا بھارتی کو مل بھی چکی ہے۔ خبروں کے مطابق اس پرائیویٹ سینک اسکول کا ماسٹر پلان تیار کرنے کے لیے جلد ہی بھوپال میں ودیا بھارتی کی ایک اہم میٹنگ ہونے والی ہے۔
غور طلب ہے کہ آر ایس ایس کا پہلا سینک اسکول اتر پردیش میں کھولا گیا تھا۔ لیکن مدھیہ پردیش میں کھلنے والا پرائیویٹ سینک اسکول کئی معنوں میں بہت مختلف ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ جدید پیمانوں اور قدیم ہندوستانی اسٹریٹجک وراثت کو اپنے میں سمیٹے ہوگا۔ اسکول کا خاکہ (ماسٹر پلان) تیار کرنے کے لیے ناسک کے بھونسلا ملٹری اسکول کے ساتھ ساتھ ملک کے اہم سرکاری فوجی اسکولوں کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔ اس بارے میں بھی صلاح و مشورہ کا دور چل رہا ہے کہ پرائیویٹ سینک اسکول کی تعمیر میں آنے والے خرچ کا انتظام کس طرح کیا جائے۔