یوکرین میں پھنسے ہندوستانی طلبا کو حکومت ہند لگاتار وطن واپس لانے کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔ حالانکہ اس درمیان کئی ایسی ویڈیوز ہندوستانی طلبا کی سامنے آئی ہیں جن میں طلبا کو کسی طرح کی مدد نہیں مل پا رہی۔ ایسی ہی ایک ویڈیو بی جے پی رکن پارلیمنٹ ورون گاندھی نے شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے ’’درست وقت پر درست فیصلہ نہ لیے جانے کے سبب 15 ہزار سے زیادہ طلبا زبردست بدنظمی کے درمیان اب بھی پھنسے ہوئے ہیں۔ بہتر پالیسی بنا کر اور سفارتی کارروائی کے ذریعہ ان کی بہ حفاظت واپسی کوئی احسان نہیں بلکہ ہماری ذمہ داری ہے۔ ہر آفت میں ’موقع‘ نہیں تلاش کرنا چاہیے۔‘‘
اس ٹوئٹ کے ساتھ ورون گاندھی نے اپنی ہی پارٹی کی حکومت کو صحیح راستہ دکھانے کی کوشش کی ہے۔ لیکن ان کے اس ٹوئٹ پر ٹی وی کی مشہور صحافی روبیکا لیاقت نے ایسا تبصرہ کیا ہے جس سے صحافت ہی کٹہرے میں کھڑا دکھائی دے رہا ہے۔ انھوں نے ورون گاندھی کو ہی لکھ دیا کہ ’’ہر آفت میں موقع نہیں تلاش کرنا چاہیے ورون جی۔‘‘
روبیکا لیاقت کے اس ٹوئٹ پر مشہور مصنف اشوک کمار پانڈے نے حیرانی ظاہر کی ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’یہ اس صدی کی سب سے حیرت انگیز کہانی ہے۔ جہاں برسراقتدار پارٹی کا رکن پارلیمنٹ حکومت سے سوال کر رہا ہے، اور ایک صحافی کو اس سے تکلیف پہنچ رہی ہے۔‘‘ غور طلب ہے کہ روبیکا لیاقت پر حکومت کی حمایت میں رپورٹنگ کرنے کا الزام لگتا رہا ہے۔