روس انسانی تاریخ میں پہلی مرتبہ فلم کی شوٹنگ خلاء میں کرنے کے لیے تیار ہے۔ 5 اکتوبر کو روس کی 37 سالہ اداکارہ یولیا پریسلڈ اور 38 سالہ ڈائریکٹر کلم شپینکو سمیت پوری ٹیم بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) کے لیے روانہ ہوں گے۔ یہ سبھی تجربہ کار خلاباز اینٹون شکاپلیروو کی قیات میں خلائی سفر کریں گے۔
بتایا جاتا ہے کہ پوری ٹیم 12 دن کے مشن پر سویوز ایم ایس-19 خلائی طیارہ سے آئی ایس ایس کے لیے روانہ ہوگی۔ ’دی چیلنج‘ نام سے بننے والی اس فلم کو لے کر سبھی پرجوش ہیں۔ خبروں کے مطابق آئی ایس ایس پر فلم کے الگ الگ مناظر فلمائے جائیں گے اور اس کی ایڈٹنگ خلائی سفر سے واپسی کے بعد ہوگی۔ جہاں تک فلم کی کہانی کا سوال ہے، بتایا جاتا ہے کہ اس میں ایک خاتون ڈاکٹر کو دکھایا جائے گا جو خلاباز کو بچانے کے لیے آئی ایس ایس جاتی ہے۔ اس کہانی کے بارے میں روس کی خلائی ایجنسی روسکوسموس نے پہلے ہی جانکاری دی تھی۔
فلم ڈائریکٹر شپینکو نے 4 اکتوبر کو اس سلسلے میں ایک آن لائن پریس کانفرنس کیا تھا جس میں فلم کو ’ایک تجربہ‘ قرار دیا۔ امید کی جا رہی ہے کہ شپینکو اور پیرسلڈ 17 اکتوبر کو خلاباز اولیگ نووتسکی کے ساتھ ایک کیپسول میں بیٹھ کر زمین پر لوٹیں گے۔ اولیگ گزشتہ چھ مہینوں سے آئی ایس ایس پر ہی ہیں۔ اس فلم کی شوٹنگ کے بعد فلمی دنیا کو یقیناً ایک نئی راہ ملے گی۔