گزشتہ دنوں ویسٹ انڈیز کے خلاف وَنڈے سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا۔ روہت شرما کی قیادت والی نئی ٹیم کو کرکٹ کے کئی ماہرین نے عمدہ قرار دیا ہے۔ لیکن سابق کرکٹر اور سلیکٹر صبا کریم کی رائے اس معاملے میں کچھ مختلف ہے۔ انہوں نے سلیکشن میں ایک بڑی خامی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ٹی-20 ٹیم میں ریتوراج گائیکواڈ کو شامل نہیں کیے جانے پر سوال اٹھائے ہیں۔

صبا کریم نے سلیکشن کمیٹی کے فیصلے پر اپنے ایک پوڈکاسٹ میں کہا کہ ’’ریتوراج کا ٹی-20 ٹیم میں انتخاب نہیں ہوا لیکن انہیں وَنڈے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ انہیں ٹی-20 فارمیٹ میں بہترین مظاہرہ کی وجہ سے وَنڈے ٹیم میں جگہ دی گئی ہے جو میرے حساب سے تھوڑا عجیب ہے۔‘‘ صبا کریم کا ماننا ہے کہ ریتوراج ونڈے کے ساتھ ٹی-20 ٹیم میں بھی انتخاب کے حقدار ہیں۔ انہوں نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ جلد ہی ہندوستانی ٹیم ٹی-20 اور وَنڈے عالمی کپ کے لیے اپنی ایک اعلیٰ ٹیم تیار کر لے گی کیونکہ اس کے انعقاد میں زیادہ وقت نہیں رہ گیا ہے۔

غور طلب ہے کہ ریتوراج گائیکواڈ نے گزشتہ آئی پی ایل سمیت سبھی ٹی-20 فارمیٹ میں اپنے شاندار مظاہرہ سے سلیکٹرس کو کافی متاثر کیا تھا۔ ساتھ ہی انہوں نے وجئے ہزارے ٹرافی میں بھی اپنی بہتر کارکردگی جاری رکھتے ہوئے 5 اننگز میں 150 کی اوسط سے 603 رن بنائے۔ دلچسپ یہ ہے کہ 5 میں سے 4 اننگز میں انھوں نے سنچری بنائی۔