چھتیس گڑھ کی راجدھانی رائے پور میں منعقد ’دھرم سنسد‘ میں مہاتما گاندھی کے خلاف زہر انگیزی کرنے والے سَنت کالی چرن مہاراج کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ رائے گڑھ پولس نے انھیں مدھیہ پردیش کے کھجوراہو سے گرفتار کیا۔ ان کے خلاف ٹیکراپارا تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا تھا اور پولس انھیں شدت سے تلاش کر رہی تھی۔

سَنت کالی چرن مہاراج کی اس گرفتاری پر مدھیہ پردیش حکومت نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ اس نے چھتیس گڑھ پولس کے ذریعہ گرفتاری کے لیے اختیار کیے گئے طریقہ پر سوال اٹھایا ہے۔ مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومت کا کہنا ہے کہ چھتیس گڑھ حکومت چاہتی تو انھیں (کالی چرن مہاراج) نوٹس دے کر بھی بلا سکتی تھی۔ مدھیہ پردیش ڈی جی پی سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس معاملے پر چھتیس گڑھ ڈی جی پی سے بات کریں اور گرفتاری کے اس طریقے پر اعتراض ظاہر کریں۔

غور طلب ہے کہ دھرم سنسد میں سَنت کالی چرن مہاراج نے مہاتما گاندھی کے خلاف کئی نازیبا تبصرے کیے تھے۔ انھوں نے ملک کی تقسیم کے لیے بھی مہاتما گاندھی کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔ کالی چَرن نے مہاتما گاندھی کے علاوہ مذہب اسلام کے خلاف بھی نفرت آمیز کلمات کہے تھے۔ ان کے بیانات کی کانگریس سمیت دیگر پارٹی لیڈران نے سخت تنقید کی تھی۔ کانگریس لیڈر پرمود دوبے کی شکایت کے بعد رائے پور کے ٹیکراپارا تھانہ میں سَنت کالی چرن کے خلاف غیر ضمانتی دفعات میں کیس درج کیا گیا تھا۔