وکی کوشل اور کیٹرینہ کیف کی شادی کو لے کر جہاں ایک طرف ان کے چاہنے والے پُرجوش ہیں، وہیں دوسری طرف کئی لوگوں کی نگاہیں سلمان خان اور اکشے کمار پر تھیں کہ یہ دونوں سپراسٹار ماضی میں اپنے بے حد قریب رہی ساتھی کی شادی میں شامل ہوتے ہیں یا نہیں۔ لیکن اب اس بات کی تصدیق ہو چکی ہے کہ سلمان اور اکشے دونوں نے ہی اس شادی سے دوری بنا لی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جہاں ایک طرف سلمان خان کو آج ریاض جانے کے لیے ایئرپورٹ پر دیکھا گیا، وہیں دوسری طرف اکشے کمار تو ریاض پہنچ بھی چکے ہیں۔ اس طرح ان دونوں نے وکی-کیٹرینہ کی شادی سے خود کو کنارہ کر لیا ہے۔ حالانکہ شروع میں ایسی خبریں آرہی تھیں کہ سلمان خان اپنی فیملی کے ساتھ اس شادی میں شرکت کریں گے، لیکن وہ ’دی-بنگ ٹور‘ کا حصہ بننے کے لیے ریاض روانہ ہو گئے۔
وکی-کیٹرینہ کی شادی میں شرکت کرنے والے لوگوں کی بات کریں تو کورونا وبا کی وجہ سے 120 مہمانوں کو ہی دعوت دی گئی ہے۔ ان میں کبیر خان، منی ماتھر، گرداس مان اور شاروری باگھ جیسی ہستیاں راجستھان پہنچ بھی چکی ہیں۔ حالانکہ ابھی تک مہمانوں کی پوری لسٹ عام لوگوں کے سامنے نہیں آئی ہے اور یہ پتہ بھی نہیں چل سکا ہے کہ کون کون سے بڑے اسٹارس اس شادی میں شرکت کریں گے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ رنویر سنگھ اور دیپیکا پادوکون کی بھی اس شادی تقریب میں شرکت ہوگی۔