مشہور کامیڈین سنیل گرووَر کو ہارٹ اٹیک آنے کی خبر سے سبھی حیران و پریشان ہیں اور ان کی جلد صحت یابی کی دعائیں کر رہے ہیں۔ تازہ رپورٹ کے مطابق سنیل گروور کی ہارٹ سرجری گزشتہ دنوں مکمل ہو چکی ہے اور انہیں اسپتال سے ڈسچارج بھی کر دیا گیا ہے۔ اِدھر سلمان خان بھی اپنے عزیز سنیل گروور کی صحت کے سلسلے میں کافی فکر مند ہیں اور انہوں نے اپنی میڈیکل ٹیم کو خصوصی ذمہ داری بھی سونپ دی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق سلمان خان کے ڈاکٹرس سنیل گرووَر کو ذاتی طور پر دیکھ رہے ہیں اور ہارٹ سرجری پر بھی ان کی پوری نگاہ تھی۔ سنیل جب اسپتال میں بھرتی تھے تو سلمان بذریعہ فون ان سے رابطے میں تھے اور اپنے ڈاکٹروں کو ہارٹ سرجری کے عمل پر پوری نظر رکھنے کی خصوصی ہدایت دی تھی تاکہ کوئی چوک نہ ہو۔ سلمان خان اس سے پہلے بھی کئی بار اپنے دوستوں اور ضرورت مندوں کی مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے نظر آئے ہیں اور ان کی ہر ممکن مدد کی ہے۔
سنیل گروور کی ہارٹ سرجری کی خبر سن کر ان کے پرانے دوست کپل شرما کو بھی جھٹکا لگا ہے اور انہوں نے ان کی جلد صحت یابی کی تمنا کی ہے۔ واضح ہو کہ ایک ویب سیریز کی شوٹنگ کے دوران سنیل گروور کو ہارٹ اٹیک آیا تھا۔ چیک اَپ کرانے پر 4 بلاکیج نظر آئے تھے جس کے بعد ڈاکٹروں نے ان کی ہارٹ سرجری کرنا ہی صحیح سمجھا۔