کورونا کے دوران ’او ٹی ٹی‘ کو ملی زبردست مقبولیت کے بعد لوگوں کو یہ لگنے لگا کہ ہندی فلم انڈسٹری سے اب اسٹارڈم ختم ہو جائے گا۔ لیکن بالی ووڈ میں اسٹارڈم کا پرچم سنبھالے سلمان خان ایسا بالکل نہیں سوچتے۔ ان کے مطابق اسٹارڈم کا دور چلتا آیا ہے اور چلتا رہے گا۔ سلمان اسٹارڈم کا خطاب کسی کو اتنی آسانی سے دینے کا ارادہ بھی نہیں رکھتے۔ انھوں نے واضح لفظوں میں کہا ہے کہ اسٹارڈم حاصل کرنے کے لیے نوجوان اداکاروں کو سخت محنت اور جدوجہد کرنی ہوگی۔

’پنک وِلا‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق جب سلمان خان سے سوال پوچھا گیا کہ ’’کیا یہ سپراسٹار کا آخری دور ہے؟ کیونکہ او ٹی ٹی کی طرف لوگ زیادہ متوجہ ہو رہے ہیں اور اداکاروں کو وہاں سے زبردست مقبولیت بھی مل رہی ہے۔‘‘ اس پر سلمان نے جواب دیا کہ ’’ہم جائیں گے تو کوئی اور اوپر آئے گا۔ مجھے نہیں لگتا کہ سپراسٹار کا دور کبھی جائے گا۔ یہ کبھی نہیں جائے گا۔ یہ ہمیشہ رہے گا۔ اس کا انحصار کئی چیزوں پر ہے، مثلاً فلموں کا سلیکشن، آپ رئیل لائف میں کیا ہو، وغیرہ۔ یہ پورا ایک پیکیج ہے۔ یہ ینگ جنریشن ہے ان کا اپنا اسٹارڈم ہوگا۔‘‘

سلمان مزید کہتے ہیں ’’یہ میں 4 جنریشن سے سن رہا ہوں کہ اسٹارس کا زمانہ ختم ہو گیا۔ ہم یہ سب یونہی ینگ جنریشن کے لیے نہیں چھوڑیں گے۔ محنت کرو بھائی، 50 پلس میں ہم محنت کر رہے ہیں تو آپ بھی محنت کرو۔‘‘