سلمان خان نے اپنی بھانجی الیزا اگنی ہوتری کو لانچ کرنے کی پوری تیاری کرلی ہے۔ بہت جلد ان کی ڈیبیو فلم پر کام شروع ہونے والا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ایک رومانٹک ڈرامہ فلم ہوگی۔ فلم کو بنانے میں سلمان خان کے علاوہ الیزا کے والد اتل اگنی ہوتری اور والدہ الویرا اگنی ہوتری بھی اہم کردار ادا کریں گی۔ فلم کی شوٹنگ آئندہ سال شروع ہونے کی امید ہے جبکہ اس کی ریلیز 2023 میں ہونے کا امکان ہے۔
’پنک وِلا‘ کی رپورٹ کے مطابق الیزا گزشتہ دو سال سے زیادہ وقت سے اداکاری، رقص اور ڈرامہ کلاسیز کر رہی ہیں۔ اس لیے الیزا کے والدین اور سلمان خان کو یہ لگتا ہے کہ ان کے لیے فلموں میں آنے کا یہ صحیح وقت ہے۔ سلمان اپنی بھانجی کی پہلی فلم کے لئے نجی طور پر دلچسپی دکھا رہے ہیں اور ان کی تربیت سے متعلق تمام امور سے باخبر رہتے ہیں۔
فی الحال الیزا اگنی ہوتری کی پہلی فلم کے ڈائریکٹر اور اسٹارکاسٹ کا اعلان نہیں ہوا ہے، لیکن اس معاملے میں تمام عمل اپنے آخری مرحلے میں ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ سلمان خان خود اس سلسلے میں کوئی اعلان جلد کریں گے۔ یہ بات سبھی کو معلوم ہے کہ سلمان اپنے قریبیوں کی ہر ممکن مدد کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں اور جب بات بھانجے-بھانجیوں کی ہو تو اس میں وہ ذاتی طور پر دلچسپی دکھاتے ہیں تاکہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہو سکے اور وہ بہتر کام کر سکیں۔