94ویں آسکر ایوارڈ تقریب میں وِل اسمتھ کے ذریعہ اپنی اہلیہ کا مذاق اڑائے جانے پر میزبان کرس راک کو لگائے گئے تھپڑ کی گونج پوری دنیا میں سنائی دے رہی ہے۔ اس تھپڑ پر بالی ووڈ ہستیوں سے لگاتار سوال کیے جا رہے ہیں۔ اب سپراسٹار سلمان خان کا بھی اس معاملے پر ردعمل سامنے آ گیا ہے۔
آئیفا کی پریس کانفرنس کے دوران جب سلمان خان ہوسٹ اور ہوسٹنگ کے سلسلے میں اپنا تجربہ بیان کر رہے تھے تو ان سے ایک صحافی نے سوال کر دیا ’’کیا ہوسٹ کو جوکس مارنے سے پہلے چیزوں کا دھیان رکھنا چاہیے؟‘‘ سلمان نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’ایک ہوسٹ ہونے کے ناطے آپ کو تھوڑا حساس ہونا چاہیے، ہیومر صحیح ہونا چاہیے، حد سے زیادہ ہنیں۔‘‘
پریس کانفرنس میں موجود ورون دھون اور منیش پال نے بھی اس سلسلے میں اپنی بات رکھی۔ ورون نے اعتراف کیا کہ کبھی کبھی ایسے مذاق سے لوگوں کو بُرا لگ سکتا ہے اس لیے ان باتوں کا دھیان رکھنا چاہیےَ۔ وہیں میزبان کے طور پر پوری دنیا میں مشہور منیش پال نے اپنا موقف رکھتے ہوئے کہا ’’ہوسٹ ہمیشہ اپنے آگے ایک حد رکھتا ہے۔ لیکن کبھی کبھی چیزیں کافی زیادہ حساس ہو جاتی ہیں۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پہلے ہیومر کھل کر ہوتا تھا، لیکن آج کے وقت میں چیزیں حساس ہو گئی ہیں۔ منیش نے کہا کہ وہ جب ہوسٹنگ کرتے ہیں تو کسی کو بُرا نہیں بولتے، سب چیزیں آپ کے سینس آف ہیومر پر منحصر ہوتی ہیں۔