سلمان خان کے چاہنے والوں کے لیے بے چین کرنے والی خبر سامنے آئی ہے۔ کرسمس کے پیش نظر جشن منانے کے لیے پنویل میں اپنے فارم ہاؤس پہنچے سلمان خان کو سانپ نے کاٹ لیا۔ فوری طور پر انہیں دیر رات 3 بجے نوی ممبئی کے کاموٹھے علاقہ واقع ایم جی ایم اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ راحت کی بات یہ ہے کہ جس سانپ نے سلمان کو کاٹا تھا وہ زہریلا نہیں تھا۔ علاج کے بعد سلمان خان کو 26 دسمبر کی صبح 9 بجے چھٹی دے دی گئی اور وہ اپنے فارم ہاؤس لوٹ چکے ہیں۔
حالانکہ سلمان کی حالت ٹھیک بتائی جارہی ہے لیکن ڈاکٹر نے انہیں آرام کی ہدایت دی ہے۔ سلمان کو سانپ کاٹے جانے کی خبر کے بعد ان کے شیدائی کافی پریشان ہو گئے تھے اور جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کر رہے تھے۔ 27 دسمبر کو سلمان خان کا یوم پیدائش بھی ہے ایسے میں کوئی بڑا جشن ہوگا یا، نہیں اس تعلق سے ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا ہے۔ ویسے سلمان کے کئی دوست و احباب ان کے پاس موجود ہیں۔
غور طلب ہے کہ ماضی میں بھی سلمان خان اپنے پنویل کے فارم ہاؤس میں کافی وقت گزار چکے ہیں۔ یہ ان کی پسندیدہ جگہوں میں سے ایک ہے۔ کورونا لاک ڈاؤن میں بھی وہ یہیں تھے۔ اس دوران انہوں نے دھان کی کھیتی بھی کی تھی۔ غور طلب ہے کہ پنویل میں واقع سلمان خان کا فارم ہاؤس پہاڑی اور جنگلی علاقوں سے گھرا ہوا ہےَ۔